جی ایچ کیو گیٹ پر حملہ کرنے والے 20ملزمان کی شناخت پریڈ مکمل

28 مئی ، 2023

راولپنڈی(این این آئی)جی ایچ کیو گیٹ پر حملہ کرنے والے 20ملزمان کی شناخت پریڈ مکمل کرلی گئی۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں کی جانب سے پرتشدد احتجاج میں دفاعی تنصیبات اور جی ایچ کیو گیٹ پر حملہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق جی ایچ کیو گیٹ پر حملہ کرنے والے 20ملزمان کی شناخت پریڈ مکمل کرلی گئی ہے، اڈیالہ جیل میں ہونیو الی شناخت پریڈ کے دوران ملزمان کی قانونی شناخت کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔شناخت پریڈ مکمل ہونے پر ملزمان کا ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش کا آغاز کیا جائے گا،ملزمان سے جی ایچ کیو حملے میں ملوث ساتھیوں کے بارے میں معلومات بھی حاصل کی جائیں گی۔علاوہ ازیں9مئی کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی پر حملہ کرنے والے ایک اور شرپسند کی شناخت ہوگئی۔شرپسند کا نام راجہ ماجد حسین دھنیال ہے،جو پی ٹی آئی شمالی پنجاب کا سینئرنائب صدر اور مرکزی سیکرٹری لیگل آفیئرز کے عہدوں پر فائز رہا ہے۔راجہ ماجد حسین جی ایچ کیو پر حملے سے قبل مظاہرین کو اکستاتا رہا اور ریاست مخالف نعرے بازی اور توڑ پھوڑ میں مرکزی کردار ادا کیا۔فوجی املاک پر حملہ کرنے پر راجہ ماجد حسین دھنیال کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں اور اس کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے