خلا بازوں سے براہ راست استفادہ9ہزار سعودی طلبہ اہم تجربے کیلئے تیار

28 مئی ، 2023

ریاض(این این آئی )سعودی عرب کے دو خلا بازوں ریانہ برناوی اور علی القرنی کا انٹرنیشنل سپیس سنٹر کا مشن جاری ہے۔ اسی تناظر میں سعودی عرب نے اپنے 9 ہزار طلبہ کے لیے دو خلا بازوں سے براہ راست استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرنے کی تیاری کی ہے۔ یہ طلبہ زمین پر رہ کر خلا سے متعلق سائنسی تجربات سے آگاہ ہوں گے اور ان میں شرکت کریں گے۔ طلبہ مختلف اوقات میں 3 سائنسی تجربات سے گزریں گے۔ ہر تجربے میں مخصوص تعلیمی مرحلہ کے طلبہ شرکت کریں گے۔ سب سے پہلے پرائمری مرحلہ سے اوپر کے درجات کے طلبہ کے لیے لیکوئڈ کلر ڈفیوژن کا تجربہ پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد مڈل سکول کے طلبے کے لیے خلائی پتنگوں کا تجربہ منعقد کیا جائے گا۔ آخر میں ہائی سکول کے طلبہ کے لیے ہیٹ ٹرانسفر پیٹرن کا تجربہ رکھا گیا ہے۔یہ تجربات طالب علموں کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر زندگی کی تفصیلات کے بارے میں جاننے کے ساتھ ساتھ ریڈیو کمیونیکیشن کے ذریعے خلابازوں سے سوالات کرنے اور خلا سے متعلق اہم ترین لمحات اور سرگرمیوں کے بارے میں براہ راست جاننے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔