ملازمت کھونےوالے مسافرنےلینڈنگ سے قبل طیارےکادروازہ کھولا

28 مئی ، 2023

سیئول(این این آئی )جنوبی کوریا میں طیارے کے مسافر کے ڈیگو ایئر پورٹ پر لینڈنگ سے قبل ہی طیارے کا دروازہ کھولنے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایگزٹ کے ساتھ بیٹھے مرد مسافر نے لینڈنگ سے 2 یا 3 منٹ قبل زمین سے تقریبا 200 میٹر (656 فٹ)کے فاصلے پر ہوائی جہاز کا دروازہ کھول دیا تھا۔ ایسا کرنے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا جس نے اب پولیس کو بتایا ہے کہ اس نے ایسی حرکت کیوں کی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مسافر نے پولیس کو بتایا کہ وہ آرام دہ محسوس نہیں کر رہا تھا اور جہاز سے جلد اترنا چاہتا تھا۔مسافر نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ وہ حال ہی میں اپنی ملازمت کھونے کے بعد تنائو کا شکار تھا۔