اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک دن میں 18 روپے سستا

02 جون ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک کی جانب سےکریڈٹ کارڈہولڈرزکوبیرونی ادائیگیوں کیلئے بینکوں سےڈالرخریدنےکی اجازت دیئے جانےکی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 18 روپے تک کی بڑی کمی‘روپیہ تگڑاہوگیا اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید18روپے کی بڑی کمی سے308روپےسے کم ہوکر 290اور قیمت فروخت 13 روپے کی کمی سے311سے کم ہوکر 298روپے ہوگئی ۔یورو کی قیمت بھی 19 روپے تک گھٹ گئی ،پاؤنڈبھی 20 روپے تک سستا ہو گیاجبکہ سعودی ریال اور اماراتی درہم کی قدر بھی گھٹ گئی ۔ ملک میں سونے کی قیمت 5400 روپے فی تولہ کی بڑی کمی سے 2 لاکھ 29 ہزار روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 4629 روپے کی کمی سے ایک لاکھ 96ہزار 331 روپے ہو گئی ہے ،چاندی کی قیمت بھی 50 روپے فی تولہ کی کمی سے 2750 روپے فی ہو گئی ہے۔ایل پی جی کی قیمت میں بھی 37 روپے فی کلو کی بڑی کمی ،گھریلو سلنڈر سلنڈر 438روپے اور کمرشل سلنڈر 1686روپے سستا ہو گیا‘اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں امپورٹ اور لوکل ایل پی جی کی قیمت 197 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق فاریکس ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو روپے کے مقابلے پر انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید20 پیسے کے اضافے سے 284.80 روپے سے بڑھ کر 285.00 روپے ہو گئی لیکن قیمت فروخت 285.60 روپے پر برقرار رہی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 18.70 روپے کی کمی سے 328.70 روپے سے کم ہو کر 310.00 روپے اور قیمت فروخت 19 روپے کی کمی سے 332.00 روپے سے کم ہو کر 313.00 روپے ہو گئی ہے،جبکہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 19.80 روپے کی کمی سے 381.20 روپے سے کم ہو کر 361.40 روپے اور قیمت فروخت 20 روپے کی کمی سے 385.00 روپے سے کم ہو کر 365.00 روپے ہو گئی ہے ،دریں اثنا جمعرات کو اسٹیٹ بینک کا ڈالر کلوزنگ ریٹ 9 پیسے کی کمی سے 285.38 روپے ہو گیا ہے۔علاوہ ازیں ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ گھریلو سلنڈر 2322 روپے اور کمرشل سلنڈر 8933 روپے میں فروخت ہوگا، ہمارے فارمولے پر عمل کیا جائے تو قیمت میں مزید کمی کی جاسکتی ہے۔