پاکستان معاشی بھنور سے نکل آئے گا، اسحاق ڈار

02 جون ، 2023

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیرخزانہ سینٹر محمد اسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان معاشی بھنورسے نکل آئے گا اورہم سب مل کرصبر، ہمت اورحوصلہ سے ملک کومعاشی مشکلات سے نکال کرپائیدارترقی کی راہ پرگامزن کریں گے‘ ملک ڈیفالٹ ہوگا اورنہ ہی سری لنکا بنے گا‘حکومتی اقدامات سے کئی شعبوں میں بہتری آئی ‘پاکستان میں بہت لچک اور استعداد ہے‘ میرا ایمان ہے کہ ملک دوبارہ ٹیک آف کرے گاجبکہ چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہاہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بر وقت فیصلہ کرکے سرکلر جاری کیا‘ انشا اللہ ڈالر کا ریٹ مزید گرے گا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کوایف بی آرہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد سے وفاقی بجٹ کیلئے تجاویز پر ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ ملک جس مشکل وقت سے گزر رہا ہے حکومت تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر مسائل پرقابو پائیگی ،ہماری نیت نیک ہے اورہماری کوشش عبادت سے کم نہیں ہے۔ ٹھنڈی ہوائیں اوربہتری آرہی ہے، دودون پہلے ہم نے ایک اور دلیرانہ فیصلہ کیا جس کے اثرات آج سامنے آئے‘ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں غیر ضروری تاخیرہورہی ہے، ہماری طرف سے تمام تر اقدامات مکمل ہے، بیرونی فنانسنگ کے تقاضے بھی پورے کئے ہیں۔ 2013ءمیں بھی مشکلات پرقابو پالیاتھا۔ہم نے اس چیلنج سے گھبرانا نہیں ہے‘پاکستان پر قرضہ ہے مگر2 سے 3 ہزار ٹریلین کے اثاثے بھی ہیں، صرف گیس پائپ لائن کی قیمت 30 سے لیکر40 ارب ڈالرسے زیادہ ہے۔تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پرہورہی ہے اورمستقبل کی بیرونی ادائیگیوں کو بھی یقینی بنایا جارہاہے۔