کیج ،سرحدی علاقے سنگوان میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ ، دوجوان شہید

02 جون ، 2023

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)کیچ پاک ایران سرحد ی علاقے سنگوان میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ دو جوان شہید ہو گئے جوابی کارروائی میں حملہ آور فرا ر ہو گئے گورنر ٗ وزیر اعلیٰ صوبائی وزرا نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے قیام کے لئے شہداء وطن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کر رہی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستان ایران سرحد پر واقع سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا چیک پوسٹ پر تعینات مستعد جوانوں نے بہادری کے ساتھ دستیاب اسلحے سے جواب دیتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو بہادر فوجی سپاہی حسنین اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔34 سالہ سپاہی حسنین اشتیاق ضلع ڈیرہ غازی خان کے جبکہ 27 سالہ سپاہی عنایت اللہ ضلع جھل مگسی کے رہائشی تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایرانی حکام سے رابطہ کرتے ہوئے مذکورہ علاقے میں فوراً آپریشن شروع کردیا تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز قوم کے ہمراہ امن اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہرکوشش کو ناکام بنانے کے لئے پر عزم ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ضلع کیچ کے علاقے سنگوان میں سیکیورٹی فورس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے واقعہ میں دو سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہےانہوں نے کہا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے جرات و جوانمردی سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا اور آئندہ بھی امن دشمنوں کے مزموم مقاصد کو ہر صورت ناکام بنایا جائیگا امن کے قیام کے لئے شہداء وطن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کر رہی ہے وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیئے صبر جمیل کی دعاکی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند نے بھی سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے جوان صوبے اور ملک کیے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں پوری قومی سرخ سلام پیش کر تی ہے ہمارے جوان دہشت گردوںکو مزموم مقاصد کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گئے ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے بھی سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے دہشت گردی کے واقعہ میں دو سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے بر وقت جوابی کارروائی سے حملہ پسپا ہوا.ملکی سلامتی و امن و امان کیلئے فورسز کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی.فورسز کی جرآت و حوصلے کو سلام پیش کرتی ہوں.شہید اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں اور شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کیلئے دعا گو ہوں۔ ترجمان وزیر اعلیٰ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کیچ کے علاقے سنگوان میں سیکیورٹی فورس کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی مذمت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ واقعہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے ایک سازش کا حصہ ہے لیکن اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کے دشمن اپنے عزائم میں ہمیشہ کی طرح ناکام رہیں گے۔قوم کے ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔سکیورٹی اہلکار اپنی جانوں پر کھیل کر وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بے مثال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیکورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔