حکومت آئی ایم ایف پروگرام پورا کرنے کیلئے پُرعزم ہے، وزیراطلاعات

02 جون ، 2023

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہمارے ہاتھوں ہی آئے گا، حکومت آئی ایم ایف پروگرام پورا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی انتشار ختم ہونے کے بعد اب ملک میں معاشی انتشار ختم کرنے کے لیے حکومت نے اقدامات شروع کردیے ہیں، اتحادی حکومت سیاسی اور معاشی استحکام قائم کرنے کے لیے کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کے ہاتھ میں ڈگری کے بعد ملازمت کا لیٹر ہوگا تو وہ مسلم لیگ ن اور اتحادی حکومت کے ذریعے ہی ہوگا، دوبارہ سر اٹھانے والی دہشت گردی بھی اللہ کی مدد سے ہمارے ہاتھوں ہی ختم ہوگی۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک میں فساد اور نفرت کے بیچ جو بوئے گئے جس کا نتیجہ نو مئی کی صورت میں سامنے آیا، ہم ترقی اور خوش حالی کے بیچ بو کر عوام کی حالت کو بدلیں گے اور معیشت کو درست سمت میں لے کر جائیں گے۔مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ ماضی کی حکومت کی وجہ سے مہنگائی ہوئی جبکہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط اور معاہدے میں تاخیر بھی پچھلے حکمرانوں کی وجہ سے ہے کیونکہ اپنی سیاست کو بچانے کے لیے معاہدہ توڑا گیا اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا مگر موجودہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام پورا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ’سابق حکومت نے معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں، جب بھی معیشت بہتر ہوئی تو ان لوگوں نے ملک پر حملے شروع کردیے، آئی ایم ایف سے متعلق شوکت ترین کی آڈیوز بھی سب کے سامنے ہیں‘۔وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ’حکومت کی پہلی ترجیح معاشی استحکام ہے کیونکہ یہ سیاسی استحخام سے جڑا ہے، ملک میں سیاسی استحخام ہمارے اور اتحادی حکومت کے ہاتھوں ہی آئے گا۔