طیارے کے واقعے کے باوجود چین کیساتھ رابطہ رکھنا چاہتے ہیں ،امریکا

02 جون ، 2023

واشنگٹن / بیجنگ ( آن لائن ) امریکا نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے لڑاکا طیارے کو روکنے اور جاسوس طیارے جیسے معاملات کے باوجود چین کے ساتھ بات چیت جاری رکھنا چاہتے ہیں ، یہ بات چیت دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ صورتحال کو کم کرنے کیلئے اہم ہوگی ۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بیجنگ سے مطالبہ کیا کہ وہ گزشتہ ہفتے ہوا بازی کے ایک واقعے کے بعد مزید رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کرے۔ انہوں نے اس واقعہ میں ایک چینی پائلٹ کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔ٹونی بلنکن نے سویڈن کے دورے کے دوران گفتگو میں کہا کہ میرے خیال میں یہ دونوں ممالک کے لیے اہم ہے کہ وزرائے دفاع سمیت باقاعدہ رابطے کھلے رہیں۔ٹونی بلنکن نے یہ مطالبہ اس حوالے سے کیا ہے کہ امریکا نے اعلان کیا تھا کہ چین نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ بات چیت کرنے سے گریز کیا ہے۔ دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ امریکا کو فوری طور پر ان خطرناک اشتعال انگیزیوں کو روکنا چاہیے۔چینی فوج نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ ایک امریکی جاسوس طیارہ جو گزشتہ ہفتے بحیرہ جنوبی چین پر تصادم میں ملوث تھا نے فوجی تربیتی علاقے میں دراندازی کی تھی۔ چینی فوج کے ترجمان ڑانگ نانڈونگ نے کہا کہ امریکی جاسوس طیارہ آر سی۔ 135 جان بوجھ کر ہمارے تربیتی علاقے میں داخل ہوا تھا تاکہ جاسوسی اور مداخلت کی جا سکے۔ چین نے ایک بیان میں کہا کہ چین نے قوانین اور ضوابط کے مطابق امریکی طیارے کو ٹریک کرنے اور اس کی نگرانی کے لیے ایک طیارہ بھیجا تھا۔