مراکش: سمٹ میں ای پروکیورمنٹ سافٹ ویئر لانچ، حکومت بلوچستان کیلئے اعزاز

02 جون ، 2023

مراکش (خ ن)حکومت بلوچستان کے لئے عالمی سطح پر بڑا اعزاز بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے مراکش میں جائٹکس افریقہ ڈیجیٹل سمٹ میں اپنا ای پروکیورمنٹ سافٹ ویئر (برانڈ نام ٹینڈر ایکسپرٹ) باقاعدہ لانچ کر دیا۔ بیپرا کی جانب سے لانچ کیا گیا ای پروکیورمنٹ سافٹ ویئر ایک مکمل پروکیورمنٹ حل ہے جس میں سپلائرز،پروکیورنگ ایجنسیوں اور ریگولیٹرز کے لیے الگ الگ اجزاء رکھے گئے ہیں۔ یہ سافٹ ویئر شفافیت، معیشت، منصفانہ مسابقت اور پیسے کی قدر کو یقینی بنانے کے لیے حکومتوں کے لیے ایک منفرد ٹول ہے۔ڈیجیٹل سمٹ میں پاکستان سے 15 سے زائد کمپنیاں اور اسٹارٹ اپس حصہ لے رہے ہیں۔وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق نے بلوچستان کے وفد کا پاکستان پویلین میں استقبال کیا۔وزیر خزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی کی قیادت میں بلوچستان کا وفد جائٹکس افریقہ ڈیجیٹل سمٹ میں شرکت کر رہا ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق نے جمعرات کو مراکش میں جائٹکس گلوبل ایگزیبیشن سمٹ میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہواوے افریقہ کے صدر کولن ہو اور کئی اہم شخصیات اور عالمی ٹیک لیڈرز نے پاکستان کے پویلین کا دورہ کیا اور پویلین میں آویزاں اشیاء میں اپنی بے پناہ دلچسپی کا اظہار کیا۔