جناح یونیورسٹی برائے خواتین پاکستانیت کی علامت ہے،مشاہد حسین

02 جون ، 2023

کراچی (نمائندہ جنگ) سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ یونیورسٹی کے پاس تین ایسے امتیازات ہیں جو اسے پاکستا نیت کی علامت اور قومی امیدوں کا چراغ بناتے ہیں ،تعلیم یافتہ مائیں روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔وہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے 20 ویں جلسہ تقسیم اسناد ( کانووکیشن )سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے بانی یونیورسٹی مولوی ریاض الدین احمد کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوبصورت ادارہ ان کی بے لوث کوششوں کا ثمر ہے۔ مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات میں اسناد اور ایوارڈز تقسیم کیے جبکہ اپنے شعبوں میں اول آنے والی طالبات میں مولوی ریاض الدین احمد گولڈمیڈل تقسیم کیے، اس موقع پر یونیورسٹی کے چانسلر وجیہہ الدین احمد نے اپنےخطاب میں مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات پرزور دیا کہ وہ عملی زندگی میں اپنا ہنراورعلم منوائیں۔ اپنے خطاب کے دوران وہ آبدیدہ بھی ہوگئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراوہ چانسلر وجیہہ الدین احمد، وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر نعیم فاروقی، کیمپس انچارج رضی الدین احمد،ڈائریکٹر فنانس ثانی احمد ،اکرم خاتون اور دیگر بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض رجسٹرار مس سدرہ نے سرانجام دیے۔حاضرین میں طالبات کے والدین تمام فیکلٹیز کے ڈینزاساتذہ اور یونیورسٹی کا دیگر تدریسی و غیر تدریسی عملہ بھی موجود تھا۔اپنے خطاب میں مہمان خصوصی مشاہد حسین نے اپنا نام استعمال کرنے کےلیے مولوی ریاض الدین احمد کو دی گئی اجازت، تحریک پاکستان کے وقت میں لڑکیوں کی تعلیم کےلیے کوشش اورپاکستان کے ہرخطے ، قومیت اور لسانیت سے تعلق رکھنے والی بچیوں کی تعلیم کو تین ایسی علامتیں قرار دیا جو پاکستانیت کی حامل ہیں اور قومی امید کے چراغ ہیں۔