آڈیو ٹیپ لیکس،ٹرمپ کا ایران پر ممکنہ حملے کی خفیہ دستاویزاپنے پاس رکھنے کا اعتراف

02 جون ، 2023

کراچی(نیوز ڈیسک)امریکی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکا کے وفاقی استغاثہ کے پاس سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 2021 کی آڈیو ریکارڈنگ موجود ہے، جس میں انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد ایران پر ممکنہ حملے کے بارے میں پینٹاگون کی خفیہ دستاویز اپنے پاس رکھی تھی۔غیرملک خبر رساں ادا رےنے امریکی نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ریکارڈنگ فیڈرل پراسیکیوٹر کے پاس موجود ہے اگرچہ امریکی نشریاتی ادارے نے یہ ریکارڈنگ نہیں سنی تاہم متعدد ذرائع سے اس کی تصدیق کی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ریکارڈنگ سے معلوم ہوتا ہے کہ ٹرمپ، جو 2024 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار بننے کے خواہاں ہیں، سمجھتے ہیں کہ انہوں نے 2021 میں وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویز اپنے پاس رکھی۔ذرائع نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ معلومات شیئر کرنا چاہتے تھے لیکن خفیہ دستاویزات شائع کرنے کے حوالے سے اپنے محدود اختیارات سے بھی واقف تھے۔