امریکا نے جنگ بندی ختم کرنے پرسوڈان کے متحارب فریقوں پر پابندیاں عائد کردیں

02 جون ، 2023

خرطوم (اے ایف پی) امریکانے گزشتہ روز خرطوم کی ایک مارکیٹ میں گولہ باری اور فضائی حملوں میں 18 شہریوں کی ہلاکت کے بعد امریکی اور سعودی ثالثی میں جنگ بندی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے الزام میں سوڈانی رہنماؤں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ۔تقریباً سات ہفتوں سے خرطوم اور سوڈان کے دیگر حصے فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان خونریزلڑائی کی لپیٹ میں ہیں، ان دونوں کو امریکانے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور ہولناک خونریزی کو ہوا دینے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔دونوں فریقوں نے ضروری امداد کی ترسیل کی اجازت دینے کے لیے جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کے چند روز بعد گزشتہ روز لڑائی جاری رہی، عینی شاہدین کے مطابق شمالی خرطوم میں بھاری توپ خانے سے گولہ باری کی گئی۔بدھ کو فوج نے سعودی شہر جدہ میں جنگ بندی کے مذاکرات سے دستبردار ہونے کے بعد دارالحکومت میں آر ایس ایف کے اڈوں کو دھماکے سے اڑا دیا، اور اپنے حریف پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔انسانی حقوق کے وکلاء کی ایک کمیٹی نے بتایا کہ جنوبی خرطوم کے ایک بازار پر فوج کی گولہ باری اور فضائی حملوں میں اٹھارہ شہری ہلاک اور 106 زخمی ہوئے۔