لاہور میں ڈاکٹرز پر تشدد کرنے والا سندھ پولیس کا اہلکار نکلا

02 جون ، 2023

لاہور (آئی این پی ) چلڈرن اسپتال لاہور میں متوفی بچے کے لواحقین کی جانب سے ڈاکٹر پر تشدد کے معاملے پر ینگ ڈاکٹرز نے اسپتالوں کے آٹ ڈور وارڈز میں کام بند کردیا۔احتجاج جاری ہے۔ نگراں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر پر تشدد کرنے والا سندھ پولیس کا اے ایس آئی ہے، جسے برطرف کروانے کیلئے سندھ حکومت کو خط لکھا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ تشدد کرنیوالوں کیخلاف مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں، لاہور کے چلڈرن اسپتال میں گزشتہ روز بچے کے انتقال پر لواحقین نے ڈاکٹر اور طبی عملے پر شدید تشدد کیا تھا، جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے احتجاجا کام بند کرکے دھرنا دے دیا تھا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔