پاکستان پیپلز پارٹی کو ہمیشہ اقتدار بحرانی حالت میں ملا ،چنگیز جمالی

02 جون ، 2023

کوئٹہ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ ملک اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات سے نجات دلانے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سوا کسی قوت کے پاس یہ صلاحیت موجود نہیں ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کی مکمل صلاحیت اور پروگرام رکھتی ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو صوبائی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے عہدیداروں سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو میں کہی۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی، سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن و سابق صوبائی صدر میر صادق عمرانی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام محی الدین رند، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم اچکزئی، فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکڑ، رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی، آفس سیکرٹری اختر بلوچ ، ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر اختر شاہ مندوخیل، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سردار عمران بنگلزئی، سردار سرور سلیمانخیل، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صوبائی صدر عین الدین کاکڑ ،پی پی پی کوئٹہ ڈویژن کے سنیئر نائب صدر جبار خلجی، ضلع لورالائی کے صدر احسام الدین کدیزئی، کوئٹہ سٹی کے سنیئر نائب صدر سید محمد ایوب آغا، پیپلز یوتھ کے نائب صدر حبیب الرحمن کاکڑ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک حنیف کاکڑ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اسماعیل حقیار، پیپلز ایس ایف کے ڈپٹی سیکرٹریز اطلاعات اسرار شاہوانی، حکیم سید اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھے ۔ ملا قات میں سیاسی وتنظیمی امور سمیت بلوچستان کی مجموعی صورتحال پر اظہار خیال کیا گیا۔ چنگیز جمالی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہمیشہ اقتدار بحرانی حالت میں ملا ہے، چاہیے 1971 کا ملک دولخت ہونے سے پیدا ہونے والی سنگین بحرانی صورتحال ہو یا 2008 میں ملک میں جاری شورش اور سنگین امن وامان سے دوچار ملکی صورتحال ہو پاکستان پیپلز پارٹی نے ان تمام مشکلات کے باوجود ملک کو بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے میں کامیاب رہی۔اور پرامن اور جمہوری طریقے سے اقتدار منتقل کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 10 سال میں ترقی اور خوشحالی کی دعویدار پارٹیوں نے ترقی کے بجائے ملک کو سنگین معاشی بحران میں مبتلا کردیاہے، انہوں نے عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متحد ہوکر اکتوبر میں ہونے والے الیکشن کی تیاری ابھی سے شروع کریں ۔ چیئرمین بلاول بھٹو اور پاکستان پیپلز پارٹی کا پیغام صوبے کے ہر فرد تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر برسرِاقتدار آکرمعاشی بحران کے خاتمے عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔