ڈار سے اماراتی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

02 جون ، 2023

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید سالم الزابی نے ملاقات کی ۔ جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات سمیت مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مستحکم کرنے اور فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ یہ ملاقات آئندہ مالی سال میں ا مارات کی جانب سے مالیاتی سہارا دیئے جانے کے حوالے سے نہایت اہم رہی ۔ اس معاملے میں دونوں ممالک کی قیادت میں نمایاں ہم آہنگی اور مفاہمت پائی جاتی ہے ۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے توانائی ، ریفائنری ، پیٹرولیم اور تجارت کے شعبوں میں مثالی تعاون کا اعتراف کیا ۔ الزابی نے بتایا کہ ان کا ملک پاکستانی اقتصادیات کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہشمندہے ۔ وزیر خزانہ نے امارات کے سفیر کو گزشتہ ماہ شادی پر مبارکباد دی ۔