مہنگائی میں کمی کی بنیاد رکھ دی، سیاسی کے بعد معاشی انتشار بھی ختم ہورہا ہے، وزیر اطلاعات

02 جون ، 2023

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت کی ایک سالہ پالیسیوں اور ترجیحات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔مہنگائی میں کمی کی بنیاد رکھ دی ‘سیاسی انتشارکے بعد معاشی انتشار بھی ختم ہورہاہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ سیاسی انتشار ختم ہونے کے بعد اچھے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، اتحادی حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے، ہم چاہتے ہیں آج آٹا 35 روپے اور چینی 52 روپے کلو ملے۔سوئچ آن آف کر کے معیشت کو ٹھیک نہیں کیا جا سکتا، معیشت کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا،معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت کی کاوشیں جاری ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سال کے دوران معاشی استحکام کے بیج بوئے جن کا نتیجہ عوامی ریلیف کی صورت میں نظر آ رہا ہے، موجودہ حکومت نے ایک سال میں 15.3ارب ڈالر کے بیرونی قرضے اور 3513ارب روپے کے اندرونی قرضے ادا کئے، ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی تعمیری ذہن کی محنت اور معاشی بہتری کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔