عدالتی حکم عدولی، اسپیشل کیڈر کی ڈینٹل سرجن کورونا وائرس کی فوکل پرسن تعینات

02 جون ، 2023

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سینٹرل میں عدالتی احکامات کے خلاف اسپیشل کیڈر کی ڈینٹل سرجن کو کووڈ-19 اور انٹی گریٹڈ سروسز ڈیلیوری کا فوکل پرسن تعینات کر رکھا ہے ۔ محکمہ صحت سندھ نے23جون 2022کو ایک اعلامیے کے ذریعے تمام اضلاع سے انٹی گریٹڈ سروسز ڈیلیوری کے فوکل پرسن نامزد کیے جن میں ضلع وسطی سے ڈینٹل سرجن ڈاکٹر حرا ظہیر کوشامل کیا گیا تاہم حیرت انگیز طور پر انہیں ڈینٹل سرجن کے بجائے ویمن میڈیکل آفیسر تحریر کیا گیا۔ ڈی ایچ او سینٹرل ڈاکٹر شاہ محمد شیخ کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ ان کے پاس تجربہ کار ڈاکٹر موجود نہیں اس لئے ڈاکٹر حرا ظہیر کوکورونا کا فوکل پرسن تعینات کیا گیا۔ سیکریٹری صحت سندھ ذوالفقار علی شا ہ کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ انہیں اس آڈر کا علم نہیں وہ ایسے اعلامیوں کے سخت خلاف ہیں اور فی الفور اسے منسوخ کریں گے ۔ ان کاکہنا تھا کہ ڈی ایچ اوز اندورنی طور پر ایسے آڈر کر دیتے ہیں حالانکہ انہیں سخت ہدایت کر رکھی ہے کہ عدالتی احکامات کے خلاف اندورنی آڈرز بھی نہ کریں۔