کیا آئین کالز ریکارڈنگ کی اجازت دیتا ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ

02 جون ، 2023

اسلام آ باد (آئی این پی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ کیا آئین شہریوں کی کالز ریکارڈنگ کی اجازت دیتا ہے؟ اجازت نہیں تو کون سی اتھارٹی ذمہ دار ؟، کالز ریلیز کرنیکی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟،اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجی افراد کی ٹیلی فونک گفتگو کی ریکارڈنگ اور آڈیو لیکس پر اٹارنی جنرل سے معاونت طلب کرلی جبکہ 4عدالتی معاونین بھی مقرر کردیئے گئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے نجم ثاقب کو پارلیمنٹ کی کمیٹی کا سمن معطل کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ عدالت عالیہ کے7صفحات پر مشتمل حکم نامے میں وفاق، وزارت داخلہ، وزارت دفاع اور پی ٹی اے کو بھی فریق بنانیکی ہدایت کی گئی ہے۔