اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کےوفد کی وزیر خزانہ سے ملاقات

03 جون ، 2023

اسلام آباد( جنگ نیوز)اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن (آئی آئی اے) کے ایک وفد نے وزیر خزانہ اور محصولات اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور اپنی بجٹ تجاویز پیش کیں۔انہوں نے سٹیل سیکٹر کے لئے فکسڈ ٹیکس نظام، گھی اور تیل کے شعبوں پر اضافی کسٹم ڈیوٹی کو 2 فیصد سے کم کر کے 0 فیصد کرنے،چاول کو صنعت قرار دینے آئی ٹی سیکٹر میں کام کرنے والے طلباء کو ٹیکس نیٹ سے مستثنیٰ قرار دینے، سولر سیکٹر کیلئے مراعات، اور تعمیراتی شعبے کے لیے ایمنسٹی سکیم کا مطالبہ کر دیا۔اس موقع اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدرمحمد احمد نے ڈالر کی قدر میں ریکارڈ کمی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے عوام اور تاجر برادری کو ریلیف ملے گا۔وفد میں نائب صدر عثمان شوکت، شیخ طارق صادق، میاں اکرم فرید، زکریا اکبر ضیاء، میاں شوکت مسعود، شیخ عامر وحید، عاطف اکرام شیخ، ملک سہیل حسین، عمیس خٹک، ناصر قریشی اور وفاقی دارالحکومت کے دیگر ممتاز صنعتکار بھی شریک تھے۔ میٹنگ میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی اشفاق ٹولہ اور طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد بھی موجودتھے۔ وزیر اسحاق ڈار نے تجاویز کو توجہ سے سنااور صنعتی برادری کی جانب سے معاشی پالیسیوں کی تشکیل میں انکی کوششوں کو سراہا۔