بینکنگ ٹرانزیکشنز پر چارجز اسٹیٹ بینک نے عائد کئے ہیں، موبائل فون کمپنی

03 جون ، 2023

  کراچی (جنگ نیوز ) موبائل فون کمپنی جیز نے تمام طرح کی ٹرانزیکشنز پر 5 روپے کی نئی فیس سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے اس خبر کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ کمپنی کے بیان کے مطابق بدقسمتی سے خبر میں کمپنی کا بیان شامل نہیں جس میں حقیقی معلومات موجود تھیں۔ بینکنگ ٹرانزیکشنز پر چارجز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔ 12 مئی 2023 کو جاری کردہ سرکلر میں مرکزی بینک نے برانچ لیس بینکنگ آپریٹرز کے تمام موبائل والٹس پر 100 روپے تک کی ٹرانزیکشنز پر 0.5 فیصد چارجز عائد کرنے کا بتایا تھا۔ جیز کیش نے اس کا اطلاق یکم جون 2023 سے کردیا ہے۔ کمپنی کے ترجمان کے مطابق جیز کیش نے مواصلات کے مناسب ذرائع اپنی ویب سائٹ اور موبائل فون میسیج کے ذریعے سے اپنے صارفین کو اس نئی فیس سے آگاہ کردیا تھا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کسی بھی دیگر ٹرانزیکشنز پر کوئی نئی فیس عائد نہیں کی گئی ہے جیسا کہ خبر میں کہاگیا تھا۔