وسیم اکرم پلس بھی مائنس ہوگئے، ہمیشہ فوج کیساتھ کھڑا رہوں گا، بزدار

03 جون ، 2023

کوئٹہ (این این آئی، جنگ نیوز) عمران خان کیلئے وسیم اکرم پلس کی حیثیت رکھنے والے عثمان بزدار بھی مائنس ہوگئے، تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیا ست سے دستبردار ہو نے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ 9مئی کو جس طرح قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ہے وہ قابل مذمت ہے، مجھ سمیت کوئی بھی شہری ایسا نہیں ہوگا جو 9مئی کے واقعات کی مذمت نہیں کرے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کوکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ہے کہ جس انداز میں پاکستان کی ملکیت کو نقصان پہنچایا گیا وہ قابل مذمت ہے اس قسم کے واقعات کی بھر پور مخالفت بھی کر تے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے اور اسے فروغ بھی دیا ہے موجود سیا سی صورتحال کی پیش نظر سیا ست سے دستبر دار ی کا اعلان کرتاہوں ۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذات اور پارٹیوں سے نکل کر پاکستان کے بہترمستقبل کے لئے سوچیں میری تمام نیک تمنائیں پاکستان اور پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بے گناہ گرفتار افراد کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے نیک نیتی کے ساتھ 3سال 7مہینے پنجاب کے عوام کی خدمت کی ہے ،میرا ضمیر مطمئن ہے تقریباًچودہ ماہ سے عدالت میں کیسز کا سامنا کر رہا ہوں اورایکٹو سیاست سے دور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل جو سیا سی صورتحال چل رہی ہے اس وجہ سے سیا ست سے بریک لوں گا۔