فرح گوگی اور شوہر کے 117 بینک اکائونٹس، نیب نے 8 جون کو طلب کرلیا

07 جون ، 2023

لاہور(این این آئی) قومی احتساب بیورو نے چیئرمین تحریک انصاف کی اہلیہ کی دوست فرحت شہزادی (فرح گوگی) اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو 8جون کو طلب کرلیا۔ نیب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ بنک اکائونٹس میں 4 فارن اکائونٹس شامل ہیں ،ان اکائونٹس میں بزدار دور حکومت کے دوران اربوں روپے کی مبینہ ٹرانزیکشنز ہوئیں، میاں بیوی اربو ں روپے کی جائیداداور10 کمپنیوں کے مالک ہیں ،ان کے مبینہ کیش بوائے کاسراغ بھی لگالیا گیا۔ نیب ذرائع کے مطابق 2021 میں فرحت شہزادی نے ایف بی آر کو 97 کروڑ روپے کے اثاثہ جات ظاہر کیے تھے،تاہم دونوں کی ملکیت میں مبینہ طور پر 10کمپنیوں کا بھی پتہ لگایا گیا، یہ کمپنیاں مبینہ طور پر مالی لین دین کیلئے استعمال ہوتی رہیں۔ذرائع کے مطابق تحقیقات میں نیب تفتیشی ٹیم نے فرحت شہزادی کیلئے کام کرنے والے کیش بوائے کا سراغ بھی لگالیا ہے، کیش بوائے نے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی کیش ٹرانزیکشنز کا اعتراف کیا، نیب شواہد نے حاصل کرلیے۔نیب نے دونوں میاں بیوی کو 8 جون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔