آبنائے تائیوان میں امریکی طیاروں کی پروازیں قانون کےمطابق ہیں،وائٹ ہائوس

07 جون ، 2023

واشنگٹن (اے پی پی)امریکا نے خبر دار کیا ہے کہ چین آبنائے تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین میں امریکی طیاروں کی پروازیں اور بحری جہازوں کی آمدورفت روکنے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوگا۔ وہائٹ ہائو س کے ترجمان جان کربی نے گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ آبنائے تائیوان میں امریکی طیاروں کی پروازیں اور بحری جہازوں کی آمدورفت بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے اور امریکا فضائی اور زمین نقل و حرکت کی آزادی کا تحفظ جاری رکھے گا۔ امریکی ترجمان نے ایک چینی جنگی بحری جہاز کے آبنائے تائیوان میں موجود امریکا کے جنگی بحری جہاز یو ایس ایس ڈسٹرائر کے انتہائی قریب سے گزرنے کے واقعہ کو چین کے جارحانہ رویئے سے تعبیر کیا جس کی وڈیو امریکی حکام کی طرف سے اتوار کو جاری کی گئی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کے دوران اندازے کی معمولی سے غلطی بھی کسی بڑے واقعہ کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ دریں اثنا چین نے آبنائے تائیوان میں پیش آنے والے واقعہ میں چین کے ردعمل کو مکمل طور پر معقول، قانونی ، پروفیشنل اور محفوظ قرار دیا ہے۔