سیاسی استحکام ہی معاشی اور اقتصادی استحکام کو جنم دے سکتا ہے،شیخ رشید

07 جون ، 2023

لاہور ( این این آئی) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دنیا الیکشن کروانے کا بار بار مشورہ دے رہی ہے لیکن حکومت نتیجے سے باخبر اور خوف زدہ ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام ہی معاشی اور اقتصادی استحکام کو جنم دے سکتا ہے، حالات اتنے سنگین ہیں کہ آئین و قانون دم توڑ رہا ہے، (ن) لیگ اپنے سیاسی جال میں خود پھنس گئی ہے، پاکستانی کرنسی افغانستان، سری لنکا اور بنگلا دیش سے بھی پیچھے چلی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں کی سیاست تھی کہاں جو دائو پر لگائی، دائو پر صرف غریب لگا، اپنی ذات کے لئے قانون بنائے اور کیسوں سے نجات پائی، جو سیاسی کھچڑی پک رہی ہے اس کی ہنڈیا ابھی چولہے پر نہیں چڑھی، جب ہنڈیا اترے گی تو پتا لگے گا کہ کھچڑی بنی یا کھچڑا۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی چھتریوں پر آوارہ سیاسی پرندے ادھر سے ادھر بیٹھ رہے ہیں، لیکن دانا کس کو پڑتا ہے فیصلہ ہونا باقی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 سال میں اتنا قرضہ نہیں لیا جتنا انہوں نے ایک سال میں لے لیا پھر کہتے ہیں اسحاق ڈار اور ٹیم تجربہ کار ہے۔