کسانوں کے احتجاجی قافلے موٹروے چوک پر روک لئے گئے

07 جون ، 2023

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) اپنے مطالبات کی حمایت میں سینکڑوں کسان قافلوں کی شکل میں احتجاج کے لیے وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے، کیپیٹل پولیس اور رینجرز کے درجنوں جوانوں نے کسانوں کے احتجاجی قافلے کو 26 نمبر چونگی موٹروے چوک پر روک لیا، ضلعی انتظامیہ نے کسان اتحاد کے رہنماؤں اور حکومت میں مذاکرات کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی مگر کسان اتحاد کے شرکا ءنے 26 نمبر پل کے نیچے ڈیرے ڈال لئے،کسان اتحاد احتجاج کے شرکاء نے پاک فوج حق میں بھی نعرے بازی کی ،کسان اتحاد کے شرکاء کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے تو قیادت کی رہنمائی پر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔اسلام آباد پولیس نے کسان اتحاد کے قافلے کو موٹر وے چوک پر روک لیا کسان پنجاب بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں اسلام آباد موٹر وے چوک پہنچ گئے ہنگامہ آرائی کی صورت میں گرفتاریاں ممکن میں لائی جا سکتی ہیں، واٹر کینن اور بکتر بند گاڑیاں موٹر وے چوک پر پہنچا دی گئی ہیں، کسان اتحاد نے مطالبات تسلیم ہونے تک اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ تمام ناجائز ٹیکس ختم کئے جائیں، بجلی کے نرخ معاہدہ کے مطابق 12.70 پیسے ون یونٹ ریٹ رکھا جائے، شوگر ملز کے بقایا جات کسانوں کو فوری ادا کئے جائیں، تمام فصلوں کے ریٹ کا اعلان کاشت سے پہلے کیا جائے، کسانوں کو معاہدے کے مطابق فری ٹریکٹر مہیا کئے جائیں،زرعی بنک سے آسان اقساط پر قرضہ دیا جائے۔