اعجاز چوہدری کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر

07 جون ، 2023

لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔گزشتہ روزعجاز چوہدری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز نے درخواست دائر کی ہے۔درخواست میں ہوم سیکرٹری، آئی جی اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ اعجاز چوہدری سول انجینئرنگ ڈگری ہولڈر ہونے کے ساتھ سینیٹر بھی ہیں، وہ شوگر، جوڑوں کے درد اور بلند فشار خون کے مریض ہیں۔ سلمیٰ اعجاز کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ اعجاز چوہدری کو معاشرے میں حاصل مقام اور تعلیم کی وجہ سے جیل میں بی کلاس کی سہولت دی جائے۔درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ اعجاز چوہدری کو بیماری کی وجہ سے گھر کا کھانا فراہم کرنے اور اہلخانہ کو ملنے کی اجازت دی جائے۔