زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،سپیکر قومی اسمبلی

07 جون ، 2023

اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس میں بڑی تعداد میں لیبر فورس کام کرتی ہے۔ اس لئے زرعی شعبے کو بہتر بنانے کے لیے عملی حل اور اقدامات کرنا اور کسانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ملک کی پائیدار ترقی کے لئے بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہارراجہ پرویز اشرف نے سپیکر ہائوس میں صدر کسان اتحاد کونسل خالد محمود کھوکھر سے ملاقات میں کیا۔سپیکر قوی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ کسانوں کے مسائل کا حل اور زراعت کے شعبے کو مزید آگے بڑھانا موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ کسانوں کو زرعی پیداوار ی مصنوعات پر سبسڈی دی جا رہی ہے لیکن کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مزید اقدامات ضروری ہیں ۔سپیکر نے کسان دوست پالیسیوں کو متعارف کرانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ مزید برآں راجہ پرویز اشرف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی غذائی تحفظ اور معاشی ترقی کا مستقبل جدید، پائیدار، اور سائنسی زرعی طریقوں کو اپنانے میں مضمر ہے۔ زرعی پیداوار کو زیادہ سے زیادہ بڑھا کر ملک اپنی اقتصادی بنیادوں کو مضبوط کر سکتا ہے۔