شہباز گل پر مقدمہ PTI امریکا کے بعض حلقے محتاط

07 جون ، 2023

نیویارک (عظیم ایم میاں ) شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں دائر مقدمہ میں نا قابل ضمانت وارنٹ کے اجراء کے بعدپی ٹی آئی امریکا کے بعض حلقے محتاط ہوگئے ہیں ، اس مقدمے کے بعد امریکا میں موجود اور سر گرم شہباز گل کے مسائل میں مزید اضافہ کا امکان ہے جبکہ وہ پہلے ہی امریکا میں پی ٹی آئی اور اس کے بعض حامیوں کی جانب سے تحفظات، سوالات اور سرد مہری کا شکار ہیں ۔پی ٹی آئی کے بانی رکن اور سر گرم سجاد برکی نے نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز گل کے امریکا میں پی ٹی آئی کے فارن ایجنٹ مقرر ہونے کی کوشش کے بارے میں آگاہ ہیں لیکن اس بارے میں شہباز گل کو کس نے یہ اختیار دیا ہے اس کا انہیں علم نہیں ۔ انہوں نے امریکن اراکین کانگریس سے اپنی ملاقات اور پارٹی چیئرمین کے حق میں بیانات حاصل کرنے کے مشن کی تصدیق قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کے ساتھ اپنی دیر ینہ اور مخلصانہ وابستگی قرار دیا ۔ البتہ شہباز گل کی امریکا واپس اور امریکا میں سر گرمیوں کے بارے میں اپنی لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ امریکا میں پی ٹی آئی کے فارن ایجنٹ کے طور پر رجسٹر ہونے کیلئے پی ٹی آئی کے چیئرمین کے دستخط شدہ مقررہ فارم کا ہونا ضروری ہے ۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے امریکی حکومت کے مقررہ درخواست فارم پر دستخط کپ کئے ۔ اس بارے میں تا حال پی ٹی آئی نے پاکستان یا امریکا میں کوئی پر یس ریلیز بھی جاری نہیں کیا ۔ قبل ازیں گزشتہ سالوں میں پی ٹی آئی کے چیئرمین کے دستخطوں سے سجاد برکی ، ڈاکٹر عبد الرزاق اور دیگر کو مختلف اوقات میں امریکی F.A.R.Aقانون اور صابطوں کیلئے پی ٹی آئی کے نمائندے مقرر کئے جاتے رہے ہیں ۔ ابھی تک شہباز گل کے بارے یہ واضح نہیں ہو سکا کہ شہباز گل کو امریکا میں پی ٹی آئی کا فارن ایجنٹ مقرر کرنے کی منظوری پارٹی کے چیئرمین نے دی ہے یا پی ٹی آئی کے کسی اور گروپ نے اپنی آگے بڑھایا ہے ۔ امریکا میں پی ٹی آئی اور اس کے بعض حامی کبھی شہباز گل کے بارے محتاط رویہ اختیار کررہے ہیں جبکہ شہباز گل پی ٹی آئی کی سر گرمیوں میں بڑھ چڑ ھ کر شرکت اور قیادت حاصل کرنے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔ نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر پر جب پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے احتجاجی مظاہرہ کا انتظام اور اعلان کیا تو اعلان پڑھ کر شہباز گل شکاگو سے نیویارک پہنچ گئے۔ اور منتظمین کی دعوت اور اجازت کے بغیر ہی ٹائمز اسکوائر پہنچ کر نہ صرف مظاہرہ میں تقریر اور قیادت سنبھال لی بلکہ اچھے مائیک نہ ہونے سے لیکر احتجاج کے لئے انتظامات کو نا موزوں قرار دیتے ہوئے منتطمین پر تنقید بھی کر ڈالی ۔جب نمائندہ جنگ نے شہباز گل کے نا قابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جانے کی اطلاعات پر شہباز گل کی پاکستان واپسی کے امکان اور رد عمل معلوم کرنے کیلئے شہباز گل سے رابطہ کیلئے ان کے فون پر رابطہ کیا تو کوئی جواب نہیں ملا بلکہ گھنٹی بجنے کے بعد فون اٹھاکر بات کئے بغیر رکھ دیا گیا ۔ شہباز گل کی امریکا میں سر گرمیوں سے محسوس ہوتا ہے نا قابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد امریکا میں قیام بڑھ جائے گا ۔ جبکہ پی ٹی آئی امریکا اور ان کے بعض حامی شہباز گل بارے تجسس کا شکار ہیں کہ وہ اپنی گرفتاری اور رہائی کے بعد پارٹی کے مشکل دنوں میں پاکستان میں ساتھ دینے کے بجائے پارٹی کو مشکل میں چھوڑ کر امریکا کیوں اور کس کے مشن پر آئے ہیں ؟۔