لاہور(نمائندہ جنگ )نیب نےسابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کوکل طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق نیب تحقیقات میں فرح شہزادی اور احسن جمیل کے نام117 بینک اکاؤنٹس کے انکشاف پر طلبی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ملزمان کے خلاف تحقیقات کے دوران 4 فارن بینک اکاؤنٹس بھی منظرعام پر آئے ہیں، ان بینک اکاؤنٹس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں ساڑھے 4 ارب روپےکی مبینہ ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کے نام مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب روپے مالیت کی جائیدادیں بھی پائی گئیں، 2021 میں فرحت شہزادی نے ایف بی آر کو 97 کروڑ روپے کے اثاثہ جات ظاہر کیے تھے، دونوں کی ملکیت میں 10کمپنیوں کا بھی پتہ لگایا گیا، یہ کمپنیاں مبینہ طور پر مالی لین دین کے لیے استعمال ہوتی رہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ تحقیقات میں نیب تفتیشی ٹیم نے فرح شہزادی کے لیےکام کرنے والےکیش بوائے کا سراغ بھی لگالیا ہے، کیش بوائے نے مجموعی طور پر 860 ملین کیش ٹرانزیکشنز کا اعتراف کیا، شواہد نیب نے حاصل کرلیے، ریکارڈ کے مطابق فرح شہزادی نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 50 کروڑ روپے وائٹ کرائے، ایمنسٹی اسکیم میں 32 کروڑ روپے مالیت کو زرعی پیداوار کا حصول ظاہر کیا گیا جب کہ ملزمان کی ملکیت کوئی زرعی اراضی نہیں تھی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ فرحت شہزادی اور احسن جمیل گجر کے اثاثہ جات میں 3 سال میں مبینہ طور پر 420 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، ملزمان نے 2018 سے 2021 کے دوران ایک ارب روپے سے زائد کی جائیدادیں بھی بنائیں، فرحت شہزادی اور شوہر کے نام دبئی میں ایک لگژری فلیٹ کا انکشاف بھی ہوا جسے ایف بی آر میں ظاہر نہیں کیا گیا، فرحت شہزادی اور ان کے شوہر ڈیفنس لاہور میں 8 جائیدادوں کے مالک نکلے جس میں کمرشل پلازہ بھی شامل ہے،لاہور میں کروڑوں مالیت کا4کنال کا پلاٹ بھی جائیداد میں شامل ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر F-7 میں 2 کنال کا بنگلہ ملزمان کے نام ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ریکارڈ کے مطابق ملزمان نے مذکورہ بنی گالہ اراضی 530 ملین روپے میں حاصل کی، نیب تحقیقات میں احسن جمیل گجر اور فرحت شہزادی کے نام 19 گاڑیاں بھی پائی گئی ہیں۔
کراچی لبنان کے دارالحکومت بیروت سے حامد میر نے جیو کے پروگرام’’ کیپٹل ٹاک‘‘ کا دوسرا پروگرام کیا۔ جنگ کے...
اسلام آباد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ نے قومی پرچم نذر آتش کیا،...
اسلام آباد شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ ہو گی، 14 سے 16 اکتوبر...
صوابی صوابی کے پہاڑی علاقے گدون امازئی کے گاؤں گندف بار کلی میں پاکستان ائیر فورس کا تربیتی جہاز فنی خرابی...
اسلام آبادتازہ ترین منظر نامے کے مطابق آئی پی پیز نے بجلی خریدنے کے معاہدوں کے خاتمے کی دستاویزات پر...
اسلام آباد سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں زیر سماعت توشہ خانہ ٹو کیس کے ملزمان بانی...
اسلام آبادوفاقی کابینہ نے فلسطین اور لبنان میں اسرائیل کی بربریت سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے "وزیراعظم...
کراچیکیا پاکستان فروری میں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا اور بھارتی کرکٹ ٹیم لاہور کا سفر کرے گی ؟...