لاہورہائیکورٹ، ظل شاہ قتل کیس میں عمران کی عبوری ضمانت منظور

07 جون ، 2023

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس انوار الحق پنوں نے ظل شاہ قتل کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی ،چیئرمین پی ٹی آئی ظل شاہ قتل کیس میں ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ پیش ہوئے، عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کونسی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں؟ کیا یہ کیس قابل ضمانت ہے؟ پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ جی ہے تو قابل ضمانت،عدالت میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے ایف آئی آر پڑھ کر سنائی، عدالت نے کہا کہ یہاں 3 پراسیکیوٹر کھڑے ہیں، بتائیے آپ نے جو ایف آئی آر پڑھی اس سے ملزم کا کیا تعلق بنتا ہے؟ آپ چھوڑ دیں کہ ملزم کون ہے صرف یہ دیکھیں کہ کیا اس کی ضمانت منسوخ ہوتی ہے، آپ کوئی تو طریقہ بتا دیں،آپ کے پاس آج تک شہادت کیا موجود ہے ؟آپ کے الزامات تو قابل ضمانت ہیں کیسے انکار کروں ؟