2023 میں تارکین وطن کیلئے دنیا کے سب سے سستے اور مہنگے شہر

07 جون ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) 2023 میں تارکین وطن کیلئے دنیا کے سب سے سستے اور مہنگے شہر، اسلام آباد اور کراچی دس سستے ترین شہروں میں شامل؛ ہانگ کانگ اور سنگاپور مہنگے ترین شہر قرار۔ تفصیلات کے مطابق عالمی کنسلٹنسی مرسر کے سالانہ لاگت کے سروے کے مطابق ہانگ کانگ، سنگاپور اور زیورخ 2023 میں غیر ملکی ورکرز کے لیے دنیا کے تین مہنگے ترین شہر ہیں۔سوئٹزرلینڈ کے مزید تین شہر ٹاپ 10 میں شامل ہیں جن میں جنیوا، باسل اور برن بالترتیب چوتھے، پانچویں اور ساتویں نمبر پر ہیں۔سروے میں 400 سے زیادہ شہروں میں 200 اشیا اور مصنوعات کی قیمتوں کا موازنہ کیا گیا۔ سروے کے مطابق نیویارک شہر عالمی سطح پر چھٹے نمبر پر ہے جو امریکہ کا سب سے مہنگا شہر ہے۔ دیگر مہنگے ترین شہروں میں بالترتیب تل ابیب، کوپن ہیگن اور ناساؤ شامل ہیں۔ سروے میں دس سستے ترین شہروں کی بھی فہرست دی گئی ہے جس کے مطابق پاکستانی شہر اسلام آباد پہلے اور کراچی دوسرے نمبر پر سستے ترین شہر ہیں۔ دیگر سستے ترین شہروں میں بالترتیب ہوانا، بشکیک، دوشنبے، ونڈہوک، انقرہ، ڈربن، تیونس اور تاشقند شامل ہیں۔