FPCCIمیں برسراقتدار گروپ میں چیئرمین کیخلاف بغاوت

07 جون ، 2023

کراچی ( رپورٹ/ سہیل افضل ) ایف پی سی سی آئی میں برسر اقتدار گروپ بزنس مین پینل (بی ایم پی ) میں چیئرمین کیخلاف بغاوت ہو گئی،گروپ کے کراچی سے تعلق رکھنے والے کور کمیٹی کے ارکان نےہفتہ کو لاہور میں منعقد ہونے والے میٹنگ کا بائیکاٹ کر تے ہوئے 2 روز کے بعد پیر کوکراچی کے ایک کلب میں الگ سے اجلاس منعقد کیا ،جس میں متفقہ لائحہ عمل تشکیل دینے پر غور کیا ہے ، کراچی سے تعلق رکھنے والے گروپ کے ایک اہم رہنما نے گروپ چیئر مین سے اختلافات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابھی آپ اسے بغاوت نہیں کہ سکتے لیکن ہماری کوشش ہے کہ گروپ کی چیئرمین شپ کراچی منتقل ہو جائے،گروپ کے چیئر مین انجم نثار نے لاہور سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے اس کی تردید کی اور کہا کہ سیاست میں اختلافات معمولی کی بات ہے ہم اس مسئلے کو جلد کر لیں گے یہ معمولی اختلافات ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ایف پی سی سی آئی میں عہدیداروں کی مدت 2سال ہوجانے کے بعد نئے انتخابات کے لئے انتخابی مہم زو رو شور سے شروع ہو گئی ہے لیکن ایک جانب اپوزیشن گروپ نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے نگراں کابینہ کے صوبائی وزیر کی قیادت میں اپنے گروپ کو مضبوط کرنا شروع کر دیا ہے تو دوسری جانب بر سراقتدار گروپ میں توڑ پھوڑ شروع ہو چکی ہیں، بزنس مین پینل کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان کی کوشش ہے کہ 5سال سے چیئر مین کا عہدہ لاہور میں ہے طے شدہ فارمولے کے مطابق ہر 2سال بعد چیئرمین کا عہدہ دوسرے صوبے کو ملنا تھا اس لئے اب چیئرمین کا عہدہ کراچی کو دیا جائے ، کراچی سے تعلق رکھنے والے ان گروپ رہنماؤں نے اسی وجہ سے ہفتہ کو لاہور میں گروپ کی میٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا اور پیر کو ڈی ایچ اے کے ایک کلب میں الگ سے گروپ میٹنگ منعقد کی ، اس سلسلے میںجنگ سے بات چیت کرتے ہوئے گروپ کے رہنما نے لاہور نہ جانے اور کراچی میں میٹنگ منعقد کرنے کی تصدیق کی تاہم کہا کہ یہ بغاوت نہیں بلکہ ناراضی ہے جس کا ہم اظہار کرنا چاہتے تھے،بزنس مین پینل کی گزشتہ جیت بھی ہماری وجہ سے ہوئی ،ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ہر صوبے کو خود مختار رکھا جائے وہ اپنے امیدوار خود نامزد کر سکے ،ہمیں تو فیصلوں میں بھی اعتماد میں نہیں لیاجا رہا۔ اس سلسلے میں گروپ کے چیئرمین انجم نثار سے رابطہ کیا گیا تو ان کا موقف تھا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگ ایک شادی کی وجہ سےلاہور کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، گروپ میں کوئی بغاوت نہیں، سیاست میں اختلافات معمول کی بات ہے جلد ہم اس مسئلے کو حل کر لیں گے ۔ اس سوال پر کہ کیا آپ نے بزنس مین پینل سندھ کے چیئر مین ذکریا عثمان کو ہٹا کر ناصر حیات کو چیئرمین نامزد کر دیا ہے انھوں نے کہا کہ وہ از خود چیئرمین بن گئے ہیں تاحال گروپ نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔