طلباء قومی زبان کیساتھ ساتھ دیگر زبانوں کا بھی مطالعہ کریں، ڈاکٹر ندیم بخاری

08 جون ، 2023

مظفرآباد( جنگ نیوز ) آزاد کشمیر یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری نے کہا ہے کہ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے ضروری ہے کہ طلبہ اپنی قومی زبان کے ساتھ انگریزی اور دیگر زبانوں کا بھی مطالعہ کریں ،وسیع مطالعہ جہاں انسانی شخصیت میں نکھار لاتا ہے وہیں اس سے تحریر بھی نکھرتی ہے اور یہیں سے شخصیت بننا شروع ہو جاتی ہے ، شعبہ اردو نے مختصر وقت میں بڑا نام کمایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آزاد کشمیر یونیورسٹی شعبہ اردو کے زیر اہتمام سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینار کی صدارت ڈاکٹر میر یوسف میر نے کی جب کہ برطانیہ سے آئے ہوئے کشمیری نژاد نوجوان ڈاکٹر زاہد بہار ناز نے بطور مہمان خاص شرکت کی ۔تقریب سے ڈاکٹر زاہد بہار ناز ،ڈاکٹر میر یوسف میر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں قائم مقام وائس چانسلر کو صدر شعبہ اردو نے ان کی شاعری پر لکھا گیا تحقیقی مقالہ پیش کیا جب کہ مہمان خاص نے اپنی کتاب انہیں پیش کی ۔