کراچی (نمائندہ جنگ) کسٹمز انٹیلی جنس نے 6 اور7جون کو مختلف کارروائیوں کے دوران 7 کروڑ 90 لاکھ روپے کے اسمگل شدہ قیمتی برانڈ کےسگریٹ ضبط کر لئے ہیں ،کسٹمز انٹیلی جنس کے ڈی جی کی ہدایت پر اسمگل شدہ سگریٹ کے خلاف جاری مہم کے دروان بدھ کو صبح بولٹن مارکیٹ کراچی میں چھاپہ مار کر ایک کروڑ کے سگریٹ ضبط کئے گئے،ایک دوسری کاروائی صدر کے علاقے میں کی گئی جہاں سے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کے اسمگل شدہ سگریٹ برآمد ہوئے ،ڈائریکٹوریٹ ذرائع کے مطابق اسی طرح کی 2 کامیاب کاروائیاں ڈی جی خان اور ملتان میں بھی کی گئیں جہاں سے 4 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے سگریٹ ضبط کئے گئے ہیں ،ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میںکسٹمز انٹیلی جنس نے سگریٹ کی اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں میں ایک ارب 9 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے سگریٹ ضبط کئے ہیں ایف بی آر کے چیئرمین عاصم احمد اور ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض احمد نے کسٹمز انٹیلی جنس کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص سگریٹ کی سمگلنگ کی لعنت کو روکنے کے لیے مزید کوششیں کی جائیں۔