یاسمین راشد کی بریت کیخلاف اپیل پر مقدمے کا ریکارڈ طلب

08 جون ، 2023

لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نےجناح ہاؤس حملہ کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی بریت کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر تفتیشی افسر سے آج مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرلیا،عدالت نے استفسار کیا آپ نے لکھا ہوا ہے کہ آپ فلاں فلاں ٹیسٹ کرالئے کس چیز کے کرائے یہ نہیں لکھا ؟آپ نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو کس بنیاد پر کیس میں ملوث کیا ،اگر تفتیشی نے تحقیقات میں لکھا ہے تو وہ کہاں ہے؟آپ کی درخواست نامکمل ہے ،پراسیکیوٹر فرہاد شاہ نے موقف اپنایا کہ انسداد دہشتگردی عدالت میں چودہ روز ریمانڈ کی استدعا کی، ڈاکٹر یاسمین راشد سے موبائل فون سمیت دیگر برآمد کرنا تھی، ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا ،ڈاکٹر یاسمین راشد نے جناح ہائوس پر حملہ کرنیوالے کی ریلی کی قیادت کی ،تمام ثبوت موجود ہونے کے باعث ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا گیا،عدالت ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کا لعدم قرار دے۔