حکومت آئندہ بجٹ میں ملازمین کو ریلیف فراہم کرے، ایپکا شہید ساقی

08 جون ، 2023

کوئٹہ(پ ر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن بلوچستان (شہید ساقی) کے صوبائی صدر کریم سمالانی کی زیر صدارت پائیٹ یونٹ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی رہنماؤں عبدالعلی کاکڑ ، نثار احمد سمالانی ، میر یاسین لہڑی ، محمد خان مری ،محمد علی شیخ ، مہر اللہ بگٹی ، میر رانجھا ، محمد فیضان ، حیدر بگٹی،خالد رئیسانی ،رؤف چوہان اورصوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد طاہر قیوم سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ملازمین کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی جن میں ملازمین کی سنیارٹی، ترقی کے کیسز میں تاخیر ، محکمہ تعلیم میں منسٹریل سٹاف کی پوسٹوں پر جونیئر ترین اہلکاروں اور غیر متعلقہ کیڈر کے ملازمین کی تعیناتی، ضلع کوئٹہ کے منسٹریل سٹاف کیلئے ایپکا کے نام پر الاٹ شدہ سو ایکڑ زمین کی تاحال تقسیم نہ ہونے جیسے مسائل شامل ہیں۔ اجلاس میں تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے لئے احتجاجی پروگرام میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا اور حکومت وقت سے اپیل کی گئی کہ آئندہ بجٹ میں ملازم طبقہ کو ریلیف دیا جائے بصورت دیگر حقوق کے حصول کیلئے احتجاج پر مجبور ہونگے اجلاس میں کہا گیا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھی دی ہے آئے روز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے نے نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے۔