حفاظتی تدابیر اختیارکرکے ہی مائنز حادثات میں کمی لائی جاسکتی ہے، لیبر فیڈریشن

08 جون ، 2023

کوئٹہ(پ ر)پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن نے انڈسٹری آل گلوبل یونین کے تعاون سے لیبر قوانین، کلیکٹیو بارگینگ اورپیشہ ورانہ صحت و حفاظت پر ورکشاپ منعقد کی ۔جس میں انڈسٹری آل گلوبل یونین کے پراجیکٹ کوآرڈی نیٹر برائے پاکستان تنویر نذیر،پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان، مرکزی چیئرمین عبدالستار، عبدالستار جونیئر،لیبر فیڈریشن بلوچستان کے صدر شاہ علی بگٹی ،سعید احمد بلانوشی ،منظور احمد بلوچ، نور شاہ،اسد اقبال،حاجی یونس،جان محمد ،ایس ایم لطیف، نصیر احمدسمالانی،ساجد کھوکھر ،شیخ رمضان، محمد شاکر سمالانی،حاجی سیف اللہ ،حبیب اللہ ، محمد زمین ، نثار احمد،حاجی محمد افضل سمیت ملک بھر سے مختلف یونینز کے نمائندوں نے شرکت کی ماسٹر ٹرینر عبدالحلیم خان نے ورکشاپ کے شرکاءکو لیبر قوانین، کلیکٹیو بارگینگ اورپیشہ ورانہ صحت و حفاظت پر تفصیل سے بریفنگ دی۔ سلطان محمد خان ، سعید احمد بلانوشی اور محمد زمین نے ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ اور صحت مند ورکنگ کنڈیشن کام کیلئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے،کان کنی سے وابستہ مزدوروں سمیت صنعتی یونٹس اورکارخانوں کے محنت کشوں کو لیبر قوانین، کلیکٹیو بارگینگ اورپیشہ ورانہ صحت و حفاظت کے بارے میں شعور اور آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے ہی حادثات کی روک تھام کی جا سکتی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکتا ہے، مائن مالک اور مزدوروں کے تعاون کے بغیر حادثات میں کمی نہیں لائی جا سکتی ،سب مل کر کام کریں گے تو حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔