دکانیں جلد بند کرانے کا فیصلہ قابل قبول نہیں ‘ رحیم آغا

08 جون ، 2023

ژوب (نامہ نگار ) انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات 8 بجے دکانیں بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر باہمی مشاورت سے ضلعی عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے جس کے مطابق حکیم شاہ مندوخیل صدر گلستان مندوخیل جنرل سیکرٹری عبداللہ خان ناصر سرپرست اعلی عبدالغفار مردانزئی چیئرمین زین الدین ڈپٹی چیئرمین عبدالغنی شیرانی سینئر نائب صدر مولا داد قریشی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی عمرزئی ناصر ڈپٹی جنرل سیکرٹری دوم جمعہ خان سلیمان خیل جوائنٹ سیکرٹری ملک عبدالرحمان مندوخیل ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹری فنانس سیکرٹری محمد قاسم میاں خیل اور آفس سیکرٹری عبدالغفور صافی شامل ہیں نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری عیدالاضحیٰ کے بعد ہوگی انہوں نے کہا کہ ژوب کے عوام اور تاجروں کو اس وقت بہت سارے مسائل کا سامنا ہے زیر تعمیر جیل روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے ایک طرف کاروبار متاثر ہوا ہے جبکہ دوسری طرف دکانوں میں پڑا سامان گردوغبار کی وجہ سے خراب جبکہ اکثر دکاندار گردوغبار کی وجہ سے بیماری میں مبتلا ہو چکے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ جیل روڈ کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کر کے تاجروں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جائے انہوں نے ژوب بائی پاس پر فوری طور پر کام شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میر علی خیل شاہراہ کی باقی ماندہ تعمیر کو بھی جلد مکمل کیا جائے ۔