عالم اسلام کو جرأت مند اور باکردار قیادت کی ضرورت ہے، جمعیت نظریاتی

08 جون ، 2023

کوئٹہ(پ ر) جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی سنئیر نائب امیر مولاناعبدالقادرلونی نے ایران میں میڈیا کے نمائندوں اور سیاسی شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاغوتی قوتیں اسلام کے نظام کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں ،نظام طاغوت کو مسلط کرنے کے لیے مسلمان پر رجعت پسندی، انتہاپسندی اور دہشتگردی کا لیبل لگا کر بدنام کیا جارہا ہے ،مسلمان اپنے عقیدے پر رہے تو وہ مسلمان نہ کسی دوسری طاقت یا نظام سے مرعوب ہوتے ہیں اور نہ کسی دنیاوی طاقت سے ڈرتے ہیں، اسلامی انقلاب کی بدولت مسلمان ہمیشہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اس وقت ایک جرأتمند اور باکردار قیادت کی ضرورت ہے جو امت مسلمہ کے اجتماعی مسائل، مسلم اقوام و ممالک کی مشکلات کے سنجیدہ حل اور دنیا میں ہر طرف جابر و ظالم قوتوں کے حصار سے نجات دلانے کے لیے عالمی سطح پر انقلابی قدم اٹھائے، امت مسلمہ کی خودمختار اور باوقار حیثیت بحال کرنے کے لیے اور امت مسلمہ کو اپنی دینی و تہذیبی روایات و اقدار پر قائم رکھنے کے لیے کردار ادا کر سکے، سائنسی، عسکری، معاشی اور اقتصادی شعبوں میں مسلم ممالک کی حقیقی پیشرفت میں حائل رکاٹوں سے نمٹنے کے لیے عملی قدم اٹھائے، فلسطین، کشمیر، شام، لبنان اور برما کے مسلمان امت مسلمہ کی حکمرانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔