امریکی وزیرخارجہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات ، تعلقات مستحکم کرنے پر اتفاق

08 جون ، 2023

جدہ (شاہدنعیم، جنگ نیوز ) سعودی عرب کے دورے پر موجود امریکی وزیرخارجہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے ، اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے علاقائی استحکام کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ، سوڈان سے امریکیوں کے انخلا کیلئے سعودی حمایت، یمن میں سیاسی مذاکرات اور اسرائیل کیساتھ تعلقات کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی ۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر بات چیت کی ہے جس کا مقصد دیرینہ اتحادی کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اعلیٰ امریکی سفارت کار کی یہ ملاقات جدہ کے قصر السلام میں ہوئی منگل کو رات گئے ہوئی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ایک کھلی ملاقات تھی جس میں علاقائی اور دوطرفہ مسائل کی مکمل رینج کا احاطہ کیا گیا۔ تقریباً ایک گھنٹہ 40 منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں سوڈان سے امریکیوں کے انخلا کے لیے سعودی عرب کی حمایت، یمن میں سیاسی مذاکرات کی ضرورت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے امکانات سمیت مختلف موضوعات پر بات ہوئی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن منگل کی شام بحیرہ احمر کے شہر جدہ میں اترے اور وہ خلیج تعاون کونسل کے اجلاس کے لئے ریاض جائیں گے۔ سعودی عرب کی جانب سے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے بعد بلینکن کا یہ پہلا دورہ ہے، جسے مغرب اس کی متنازع جوہری سرگرمیوں اور علاقائی تنازعات میں ملوث سمجھتا ہے۔