محفوظ وغذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی ہر فرد کا حق ہے‘انجینئر زمرک

08 جون ، 2023

کوئٹہ(پ ر)ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے کی مناسبت سے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے تعاون سے تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی انجینئر زمرک خان اچکزئی تھے۔ تقریب میں سیکرٹری خوراک مجیب الرحمٰن پانیزئی , ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی ،مذہبی اسکالرز ، فوڈ ہینڈلرز ، انجمن تاجران کے نمائندوں مختلف جامعات کے اساتذہ اور ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی ، اس موقع پر چیئرمین بی ایف اے انجینئر زمرک اچکزئی نے فوڈ سیفٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی ہر فرد کا حق ہے ، آج ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے منانے کا مقصد لوگوں کو اس بارے آگاہ کرنا ہے کہ کھانے کا معیار کس طرح زندگیاں بچا سکتا ہے اور ہم کس طرح معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے نظام کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے کہ فوڈ سیفٹی کے معیار پر عمل کیا جائے اور عوام کو محفوظ و صحت بخش خوراک میسر ہو۔ صوبائی وزیر خوراک کے مطابق بلوچستان میں فوڈ سیفٹی کا عالمی دن منانا خطے میں محفوظ خوراک کے طریقوں کو فروغ دینے کے عزم کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی و نیوٹریشن انٹرنیشنل سمیت تمام غیر ملکی اداروں ، تنظیموں و ڈونر ایجنسیوں کے مابین تعاون فوڈ سیفٹی کی اہمیت بارے وسیع پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے اور خطے میں فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ کے لئے اہم ہے۔انجینئر زمرک خان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اب اس حقیقت کو تسلیم کیا جا چکا ہے کہ فوڈ سیفٹی کا بہتر انتظام سب کی ضرورت ہے، اس حوالے سے مقاصد کے حصول کے لئے بلوچستان سمیت ملک بھر میں باہمی تعاون پر مبنی مشترکہ کوششیں کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عوام کو فراہم کردہ کھیت سے پلیٹ تک ہر قسم کی خوراک معیاری و ملاوٹ سے پاک ہو اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے سخت پالیسیاں بنائی گئی ہیں جبکہ خوراک کی پیداوار و فراہمی کے مختلف مراحل کی مسلسل نگرانی کیلئے بی ایف اے جیسی ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔تقریب کے دوران سیکرٹری خوراک مجیب الرحمٰن پانیزئی ، دیگر مقررین و نیوٹریشن انٹرنیشنل کے پراونشل مینیجر محمد قوی خان نے کھانے پینے کی مصنوعات کی تیاری و ہینڈلنگ میں مناسب حفظان صحت اور صفائی ستھرائی کے اصولوں و طریقوں پر عمل کرنے کی اہمیت بارے شرکاء کو آگاہ کیا۔