جلد اکبربگٹی ایکسپریس اور بولان میل کی بحالی کی خوشخبری دیں گے،جعفرمندوخیل

08 جون ، 2023

کوئٹہ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن )کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ عوام کو جلد اکبربگٹی ایکسپریس اور بولان میل سمیت دیگر ٹرینوں کی مکمل بحالی کی خوشخبری دیں گے۔ ٹرینوں کی بحالی سے عوام کو بہتر ین سفر کی سہولیات اور محکمہ ریلوے کو معاشی استحکام ملے گا ۔یہ بات انہوں نے صدر ریلوے محنت کش یونین مجید زہری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔وفد نے شیخ جعفرمندوخیل کو ریلوے ملازمین کو درپیش مسائل جن میں کوئٹہ ڈویژن کی بند ٹرینوں کی بحالی ملازمین کی پرموشن اور پنشن کی ادئیگی میں تاخیر سمیت عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے معاملات سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔شیخ جعفر مندوخیل نے وفد کواپنے بھرپورتعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ نہ صرف ٹرینوں کی بحالی بلکہ ریلوے ملازمین کو درپیش مسائل اور عارضی ملازمین کی بحالی کے سلسلے میں وفاقی حکومت خصوصاً وفاقی وزیر ریلوے سے مسلسل رابطے میں ہیں اور جلدہی مثبت نتائج ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدرسے ملنے والے وفد میں مجید زہری افضل بنگلزئی عبدالقادر بنگلزئی حبیب الرحمن اورفاروق یوسفزئی شامل تھے ۔اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر بھی موجود تھے۔