نیشنل گیمز کی میڈلسٹ 6طالبات کے اعزاز میں فیصل آباد ویمن یونیورسٹی میں تقریب

08 جون ، 2023

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) کوئٹہ میں ہونیوالی 34ویں نیشنل گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والی جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی 6طالبات کے اعزاز میں یونیورسٹی کی طرف سے گزشتہ روز تقریب منعقد کی گئی۔ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے میڈلز حاصل کرنیوالی طالبات کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے کہا کہ نیو کیمپس میں 5ایکڑاراضی سپورٹس کمپلیکس کیلئے مختص کر دی گئی ہے۔ انہوں نے تمام قومی کھیلوں کا انعقاد یونیورسٹی کے سپورٹس کمپلیکس میں کروانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ میری خواہش ہے کہ اگلے سال یونیورسٹی کی 50طالبات نیشنل گیمز میں میڈلز حاصل کریں۔ پرووائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں اور انکے اساتذہ کے ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس پر وہ انہیں مبارکباد دیتی ہیں۔ رجسٹرار آصف اے ملک نے کہا کہ ہر طرح کی مشکلات درپیش ہونے کے باوجود طالبات نے یونیورسٹی کا نام روشن کیا،ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پراونشل لیگ کی میزبانی کی ذمہ داری بھی جی سی ڈبلیو یو ایف کو دی ہے جس کے لئے وہ انکے مشکور ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔ واضح رہے کہ جی سی ویمن یونیورسٹی کی طالبہ اعظمیٰ اعظم نے ہیمر تھرو میں نیا ریکارڈ قائم کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا، عروج زاہد نے ایچ ای سی کی والی بال ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے کانسی کے تمغہ کے علاوہ بہترین اسپائیکر کا اعزاز حاصل کیا۔ علاوہ ازیں ملیحہ سلیم، مناہل جبیں، اقصیٰ صدیق نے بھی والی بال میں کانسی کے تمغے حاصل کئے جبکہ نور العین سعید نے پول والٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔