امن وامان کی صورتحال باعث تشویش،بہتری کیلئے اقدامات کیے جائیں ،پشتونخوامیپ

08 جون ، 2023

کوئٹہ ( پ ر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں صوبہ بالخصوص کوئٹہ شہر میں امن وامان کی بگڑی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ روز دن دہاڑے عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ کو قتل کردیا گیا جبکہ قاتل فرار ہونے میں کامیاب ہوئےچوری ڈکیتی اور منشیات کاکاروبار کھلے عام جاری ہے جبکہ حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ۔ بیان میں کہا گیا کہ پشتون بلوچ دو قومی صوبے میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال،لاقانونیت،افراء تفری ، بدترین بدامنی عروج پر ہے ، اشیائے خوردونوش اور روزمرہ کے استعمال کی اشیاء پر کوئی کنٹرول نہیں غریب عوام بدترین مہنگائی ، بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ اسی طرح ہر شہر ہر علاقے میں چوری ، ڈکیتی ، گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل ، گاڑیاں ، نقدی ، موبائل چھیننے ، شہریوں کو زدوکوب ، زخمی اور قتل کرنے کے واقعات جاری ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ وزاراء ومشیروں کی فوج ظفر موج کرپشن اور اقرباء پروریوں میں مصروف عمل ہیں ، سیاسی پارٹیوں میں اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے مسلسل مداخلت جاری ہے اور یہ تمام ناروا اقدامات اس صوبے اور ملک کی بربادی کا راستہ ہے ، پشتونخواملی عوامی پارٹی نے 2018کے انتخابات میں اس کی نشاندہی بھی کی تھی کہ اگرعوام کی آزادی رائے کو سلب کیا جائیگا تو ملک کو بحرانوں کا سامنا کرنا پڑیگالیکن اس وقت کسی نے بھی اس بات کو سنجیدہ نہیں لیا آج ایک جانب ملک بحرانوں سے دوچار ہے اور دوسری جانب غریب عوام بدترین مہنگائی ، بیروزگاری کے باعث سخت ترین مشکلات سے دوچار ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہر ضلع میں ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کرانے میں مکمل ناکام ہے ،اشیائے خوردونوش وضروریات کی خرید وفروخت کے تمام دکانداروں کی اپنی من مانیاں اور علیحدہ علیحدہ نرخ ہیں جس پر کسی کا کوئی کنٹرول نہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ عوامی مسائل پر پشتونخواملی عوامی پارٹی خاموش نہیں رہ سکتی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرنے اور اس کیلئے ہر جمہوری احتجاج کی راہ اپنائی جائیگی۔