آئین موم کی ناک ‘قانون ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہے ‘شیخ رشید

08 جون ، 2023

لاہور( این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئین عمل کے لئے ہوتاہے کیبنٹ میں رکھنے کے لئے نہیں ‘آئین کوموم کی ناک بنادیاگیا،قانون ہاتھ جوڑکرکھڑاہے‘ 13 اگست اسمبلی توڑنے کی ریڈلائن ہے ورنہ بحران سنگین ہوجائے گا ‘ لیڈرجیل کی گرمی نہیں برداشت کرسکے لیکن ورکر قائم ہے اورگھبرایا بھی نہیں ، پارٹیاں ورکروں سے چلتی ہیں لیڈروں سے نہیں ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ9ہفتے کی حکومت کواندازہ ہے کہ عوام کے دلوں میں ان کے لیے غم وغصہ اور نفرت ہے ،الیکشن میں (ن) لیگ کے ساتھ ہاتھ نہیں ہتھوڑاہوگا‘اگرالیکشن وقت پر نہ ہوئے توحالات مزید سنگین اورگھمبیر ہوجائیں گے ،حکومت ریاست کونہیں اپنی تباہ حال سیاست کوبچاناچاہتی ہے ،روزانہ 41ارب روپے کاقرضہ غریب کے گلے پڑ رہاہے ۔انتظامیہ سپریم کورٹ کے اختیارات میں مداخلت اورججوں کی تضحیک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کررہی ہے ،تمام مسائل کاحل الیکشن میں ہے ،بیگناہوں سے جیلیں بھرنے میں نہیں۔