بجٹ میں بلوچستان کی ترقی کے لیے اربوں روپے مختص کریں گے ،مولانا واسع

08 جون ، 2023

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر ووفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہےکہ آئند ہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں گے اور بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے اربوں روپے مختص کریں گے۔ آئندہ چند سالوں میں بلوچستان میں ترقی و خوشحالی آئے گی اور وفاق سے صوبے کی رائلٹی ودیگر معاملات پر بھی بات ہوئی ہے۔ صوبے کو بحرانوں سے نکالنے میں جمعیت علمائے اسلام اپنا کردار ادا کرے گی ماضی میں ہونے والی سیاست کا باپ بند ہو چکا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام اور ان کی اتحادی جماعتیں کامیابی حاصل کرے گیا ۔بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں اور جن سابق حکمرانوں نے ملک کا دیوالیہ کے قریب پہنچایا آج وہ خود دیوالیہ تک پہنچ گئے ملک کے بہتر مستقبل کا فیصلہ عوام اور پارلیمنٹ کرسکتے ہیں جب تک پارلیمنٹ کو سپریم نہیں بنایاجاتا اس وقت تک حالات بہتری کی طرف نہیں جائیں گے۔وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتیں پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ موجودہ حالات کا مقابلہ کریں اور ملک جن بحرانوں سے گزارا ہے ان بحرانوں سے نکالنے کیلئے کردار ادا کریں جمعیت علمائے اسلام نے آئین قانون اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے اپنا کردار ادا کیا اور جس طرح ایک سیاسی جماعت نے حکومت میں رہ کر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے اب ان تعلقات کی بہتری کیلئے موجودہ وفاقی حکومت اور حکومت میں شامل جماعتیں کردار ادا کررہی ہیں۔