عمران کی تقاریر کا نتیجہ9مئی کے واقعات جیسا ہی نکلنا تھا،تجزیہ کار

08 جون ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق کے سوال وقت آگیا ہے 9مئی کے منصوبہ سازوں کیخلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ عمران خان اقتدار سے نکلنے کے بعد ایک سال جو تقاریر کرتے رہے اس کا نتیجہ نو مئی کے واقعات جیسا ہی نکلنا تھا، نو مئی کے واقعات کی تحقیقات میں شفاف ٹرائل کا خاص خیال رکھا جائے گا کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہوگی۔ شہزاد اقبال نے کہا کہ نو اور دس مئی کے واقعات کی سب مذمت کررہے ہیں، ان واقعات کے ملزمان اور منصوبہ سازوں کو سزا ملنی چاہئے، یہ بھی ضروری ہے تمام ملزمان کو شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے، خواجہ آصف اور رانا ثناء اللہ نو مئی کے واقعات کو بغاوت قرار دے رہے ہیں، یہ بہت خطرناک الزام ہے ماضی میں کسی سیاسی جماعت پر یہ الزام نہیں لگا یاگیا، اس حوالے سے شواہد عوام کے سامنے لانا بہت ضروری ہے۔محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ ریاست اور حکومت نو مئی کے واقعات کو بغاوت کے مترادف قرار دے رہے ہیں، حکومتی وزراء کو ان الزامات کے حق میں شواہد پیش کرنا ہوں گے، ان خطرناک الزامات کے ملزمان کا فیئر ٹرائل بہت زیادہ ضروری ہے، ایسا کوئی فرق نہیں ہونا چاہئے کہ صرف چنیدہ ٹرائل ہورہے ہوں، پاک فوج کا مقصد ہے کہ حل کی طرف بڑھا جائے اس کیلئے ضروری ہے تحقیقات شفاف اور عوام کے سامنے ہوں، آج جو کچھ ہورہا ہے اس کی ذمہ داری حکومت کو لینا پڑے گی، وزیراعظم اور کابینہ اقتدار میں ہیں تو جوابدہ بھی وہی ہیں، وزراء ہمیں کہانیاں سناتے ہیں کہ حکومت کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے، اگر حکومت کے ہاتھ میں واقعی کچھ نہیں تو اقتدار سے الگ ہوجانا چاہئے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ نو مئی کے واقعا ت کے ذمہ داران کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہئے، قانون کی حکمرانی نظر آئے انصاف اور شفاف ٹرائل کیا جائے، نو مئی کے واقعات پر فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ بہت واضح ہے کسی کو اس پر معافی نہیں ملے گی، اعلامیہ کے مطابق اب منصوبہ سازوں کیخلاف کارروائی کا مرحلہ آگیا ہے۔