مقبوضہ کشمیر: قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے

08 جون ، 2023

جموں(این این آئی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جموں شہر میں احتجاجی مظاہرے کئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں شہر کے علاقے تالاب تلو کے رہائشیوں اور تاجروں نے جموں سمارٹ سٹی پراجیکٹ کے تحت علاقے جاری کام کے خلاف احتجاج کیا۔ تاجروں اور تالاب تلو کے مکینوں کی بڑی تعداد ہاتھوں میں بینراور پلے کارڈ اٹھائے سڑک پر آگئی اور حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ جس بے ربط طریقے سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اس سے مقامی باشندوں، تاجروں کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بھی سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے ترقیاتی کام بہتر اور منظم طریقے سے کرانے کا مطالبہ کیا تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف اور پریشانی کا سامنا نہ کرنے پڑے۔دریں اثنا، لوگوں نے جموں شہر میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مقبوضہ علاقے میں پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ انہوں نے رہبر خیل ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پاور ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں اور وادی کشمیر کے پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں۔