بجٹ، وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کیلئے 80 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے

08 جون ، 2023

اسلام آ باد (آئی این پی ) نئے مالی سال 2023-24 کے بجٹ میں وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کیلئے 80 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے، یہ رقم مختلف شمسی توانائی، چھوٹے قرضے اور لیپ ٹاپ سکیم پر خرچ کی جائے گی ۔ رپورٹ کے مطابق نئے بجٹ میں وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کیلئے 80 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے، جس میں شمسی توانائی کے قومی پروگرام کیلئے 30 ارب، نوجوانوں کو چھوٹے قرضوں کی فراہمی کیلئے 10ارب روپے اور وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم کیلئے 10ارب روپے کی رقم مختص کی جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم یوتھ سکل ڈیولپمنٹ پروگرام کیلئے 5 ارب روپے، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وزیراعظم پروگرام کیلئے 5 ارب روپے، سبز انقلاب پروگرام کیلئے 5 ارب روپے اور پروگرام برائے کھیل کیلئے بھی 5 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کے تحت تعلیم پر وزیراعظم انڈومنٹ فنڈ کے قیام کیلئے 5 ارب روپے اور آئی ٹی سیٹ اپ کے پروگرام کیلئے 5 ارب کے ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی بھی تجویز ہے۔