معیاری اشیا ءخوردونوش ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے، پرویز اشرف

08 جون ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ معیاری اشیا خوردونوش ہر انسان کی صحت کیلئے بنیادی ضرورت ہے پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود ملاوٹ شدہ اشیا کی فراہمی کے مسائل کا شکار ہے،معاشرے کی بہترین صحت کیلئے صارفین کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک اشیا خوردنی کی فراہمی ضروری ہے، ذخیرہ اندوزوں اور اشیاخوردونوش میں ملاوٹ کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غذائی تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نے وزارت تحفظ خوراک کوبین الاقوامی معیارات کے مطابق صارفین کو اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوڈ ہینڈلنگ، فوڈ سٹوریج اور پراسیسنگ کے انتظامات بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔فوڈ سیفٹی کے شعبے میں کام کرنے والے وفاقی اور صوبائی سٹیک ہولڈرز کے مابین ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے معلومات کا تبادلہ ضروری ہے، فوڈ حکام ملک بھر میں اشیا خوردونوش میں ملاوٹ کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں ، سکولوں میں غیر معیاری اور مضر صحت اشیاخوردونوش، انرجی ڈرنکس کی فروخت روکنے کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔